نئی دہلی، 17جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیراعظم مودی نے کچھ دن پہلے ہی نصیحت کی تھی پارٹی لیڈر اپنے رشتہ داروں کیلئے ٹکٹ نہ مانگیں لیکن انتخابات کیلئے ٹکٹ کی تقسیم میں بھی کنبہ پروری چلی ہے لیکن پی ایم مودی کی یہ نصیحت بے اثر رہی۔بی جے پی نے اتر پردیش اور اتراکھنڈاسمبلی انتخابات2017کیلئے امیدواروں کی جو پہلی فہرست جاری کی اس میں جم کر اپنوں کو ٹکٹ تقسیم کئے گئے۔ایک اوردلچسپ بات یہ رہی ہے کہ بی جے پی نے پارٹی بدل کر بی جے پی میں شامل ہونے والے کئی لیڈروں کو اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواربنایا ہے۔مرکزی وزیر پرکاش نڈا نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں امیدواروں کا اعلان کیا۔یوپی کیلئے کل149امیدواروں کااعلان کیاگیا۔وہیں اتراکھنڈ کیلئے کل64امیدواروں کے ناموں کے اعلان کی فہرست جاری کی گئی ہے۔اتراکھنڈمیں بی جے پی نے سابق وزیراعلیٰ وجے بہوگناکے بیٹے سوربھ بہوگنا کو ٹکٹ دیا ہے جو کانگریس سے پارٹی میں شامل ہوئے۔پیرکوبی جے پی میں شامل ہونے والے ریاستی کانگریس کے سابق صدر یشپال آریہ اور ان کے بیٹے سنجیو آریہ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کیدار سنگھ راوت کو بھی پارٹی نے ٹکٹ دیا ہے۔پارٹی نے سابق ممبر پارلیمنٹ ستیہ پال مہاراج کو بھی ٹکٹ دیا ہے جوکانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔بی جے پی نے رانی کھیت سے پارٹی کے ریاستی صدر اجے بھٹ کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ سابق وزیراعلیٰ بی سی کھنڈوری کی بیٹی ریتو کھنڈوری بھوشن کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔